ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا میں 'بین الاقوامی یوم جمہوریت' کے موقع پر یلاپور سے بھٹکل تک بنے گی 260 کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر

اتر کنڑا میں 'بین الاقوامی یوم جمہوریت' کے موقع پر یلاپور سے بھٹکل تک بنے گی 260 کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر

Thu, 05 Sep 2024 12:21:27    S.O. News Service

کاروار،  5/ ستمبر (ایس او نیوز) امسال 'بین الاقوامی یوم جمہوریت' (انٹرنیشنل ڈے آف ڈیموکریسی) کے موقع پر 15 ستمبر کو ضلع اتر کنڑا میں 260 کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر بنائے جائے گی۔ 
    
اس سلسلے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ محکمہ جاتی افسران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے تفصیلی ہدایات جاری کیں۔ 
    
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو بتایا کہ بین الاقوامی یوم جمہوریت کے حوالے سے امسال بیدر سے انسانی زنجیر کا جو سلسلہ شروع ہوگا وہ چامراج نگر تک پہنچے گا۔ دھارواڑ ضلع میں جو انسانی زنجیر شروع ہوگی وہ ضلع اتر کنڑا کی سرحد پر واقع ہلیال تک پہنچے گی۔ وہاں سے یلاپور، سرسی، کمٹہ، ہوناور سے ہوتے ہوئے بھٹکل کی شیرور سرحد تک انسانی زنجیر بنائی جائے گی۔ اس 260 کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر میں ضلع کے عوام، اداروں اور تنظیموں، اسکول اور کالجوں کے طلبہ، ہاسٹلوں میں رہنے والے طلبہ اور سرکاری ملازمین کو شامل کرکے اسے پوری طرح دلکش اور مکمل کامیاب انسانی زنجیر بنانا ہوگا۔ اس تعلق سے محکمہ جاتی افسران کو تفصیلی منصوبہ بنانے اور اس پر عمل پیرائی کے لئے ضروری اقدامات کرنے ہونگے ۔
    
ڈی سی نے بتایا کہ ضلع اتر کنڑا میں بننے والی اس انسانی زنجیر میں ہر ایک کلو میٹر کے لئے پانچ سو تا چھ سو افراد ضروری ہونگے اور پوری 260 کلو میٹر زنجیر کے لئے 1.5 لاکھ افراد کو شامل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اس کے لئے تمام گرام پنچایت پی ڈی او، اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، پی یو ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹرس اور تمام کالجوں کے پرنسپالوں کا تعاون حاصل کرنا ہوگا تاکہ کسی بھی مرحلے پر یہ انسانی زنجیر کہیں سے بھی ٹوٹنے نہ پائے۔ جن علاقوں میں افراد کی کمی کا مسئلہ ہو، وہاں تک دوسرے مقام سے افراد کو لے جانے کے لئے سواریوں کا انتظام کرنا ہوگا۔ محکمہ پولیس کو اس پروگرام کے لئے مکمل حفاظتی بندوبست کی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔
    
ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکمہ جات کے علاوہ ضلع کے تمام اداروں اور تنظیموں سے اس ضمن میں بھرپور تعاون دینے اور اس پروگرام کو شاندار طریقے پر عمل میں لاتے ہوئے پوری ریاست کے لئے ایک نمونہ بنانے کی اپیل کی ہے۔ 
    
اس میٹنگ میں ایڈیشنل ڈی سی پرکاش راجپوت، ڈسٹرکٹ سوشیل ویلفیئر آفیسر اومیش اور ضلعی سطح کے محکمہ جاتی افسران موجود تھے ۔ 


Share: